ضلع سیالکوٹ میں بھی مفت پبلک ٹرانسپورٹ سروس شروع
پسرور ، ڈسکہ اور سمبڑیال روٹ پر 35بسیں چلادی گئیں،عوم کا اظہار مسرت
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا)عالمی پیٹرول بحران کے پیش نظر حکومتِ پنجاب نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر ضلع سیالکوٹ میں مفت پبلک ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کر دیا۔ شہریوں کو سفری سہولیات مہیا کرنے کیلئے مختلف روٹس پر مجموعی طور پر 35بسیں چلائی گئی ہیں، تاکہ بڑھتی ہوئی پیٹرول قیمتوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے اور عوام کو آسان، محفوظ اور سستی سفری سہولت فراہم کی جا سکے ۔ سیالکوٹ سے پسرور روٹ پر 14بسیں چلائی گئی ہیں، جس سے روزانہ سفر کرنے والے طلبہ، ملازمین اور دیگر شہریوں کو خاطر خواہ سہولت میسر آئے گی۔ سیالکوٹ سے ڈسکہ کے درمیان بھی 14 بسیں فراہم کی گئی ہیں، جو اس مصروف روٹ پر سفر کرنے والوں کے لیے آسانی کا باعث بنیں گی۔ اسی طرح سیالکوٹ سے سمبڑیال روٹ پر 7بسیں چلائی گئی ہیں تاکہ اس علاقے کے مکین بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔عوامی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کے فیصلے کو موجودہ حالات میں بہترین عوام دوست قرار دیا ہے ۔