علی پورچٹھہ کے 2 نوجوان آرمی میڈیکل کالج سے پاس آئوٹ
دونوں نوجوان مستقبل میں بھی ملک و قوم کی خدمت کرتے رہیں گے :شہری
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ کے ہونہار سپوت کیپٹن ڈاکٹر فدا حسین میتلا اور سید فراز حسن زیدی کی آرمی میڈیکل کالج سے کامیاب پاس آؤٹ ہونے کی خبر سامنے آتے ہی شہر بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ سوشل میڈیا پر مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ دونوں نوجوانوں نے پاکستان ملٹری میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ عسکری تربیت مکمل کی جس پر اہلِ شہر نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں شہر کا فخر قرار دیا۔ ادھر کیپٹن ڈاکٹر فدا حسین میتلا کی علی پورچٹھہ واپسی پر اہلخانہ، عزیز و اقارب اور شہریوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ڈھول کی تھاپ پر رقص ، نوٹوں کی برسات کی گئی۔
فدا حسین میتلا کے ماموں سرفراز احمد میتلا پٹواری نے بھانجے کی شاندار کامیابی اور گھر واپسی کی خوشی میں معززینِ علاقہ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیا ۔دوسری جانب سید فراز حسن کا ریلوے پلیٹ فارم پر استقبال کیا گیا اور انہیں نئی نسل کیلئے ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے باصلاحیت نوجوان نہ صرف اپنے خاندانوں کا وقار بڑھاتے ہیں بلکہ پورے شہر کا نام بھی روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں نوجوان مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرتے رہیں گے ۔