محکمہ خوراک کی چیک پوسٹوں پر من پسند تعیناتیوں کا انکشاف
فیلڈ سٹاف ،کیورٹی عملہ نے چیف سیکرٹری ،مبر انسپکشن ٹیم وزیر اعلیٰ کو درخواست دیدی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ میں محکمہ خوراک کی چیک پوسٹوں پر من پسند اور کرپٹ ملازمین کی تعیناتیوں کا انکشاف ہوا ہے ، محکمہ خوراک کے فیلڈ سٹاف اور سکیورٹی عملہ نے چیف سیکرٹری پنجاب اور ممبر انسپکشن ٹیم وزیر اعلیٰ کو درخواست دے دی جس میں الزام عاید کیا کہ افسر وں اور اہلکاروں کے مبینہ گٹھ جوڑ سے جاری کروڑوں روپے کی بدعنوانی اور چیک پوسٹوں پر غیر قانونی تعیناتیاں جاری ہیں۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گوجرانوالہ ریجن میں جب سے چیک پوسٹیں قائم ہوئی ہیں، درجہ چہارم کے ملازمین شدید مشکلات کا شکار ہیں، محکمہ خوراک کے سپرنٹنڈنٹ ایڈمن طاہر ریاض ایک ایک چیک پوسٹ پر چار سے پانچ ملازمین کو ڈیوٹی پر مامور کر رہے ہیں۔
جن میں سے اکثر وہ لوگ ہیں جو پہلے بھی متعدد بار وہاں ڈیوٹی کر چکے ہیں، ان تعیناتیوں کے بدلے مبینہ طور پر لاکھوں روپے بٹورنے جارہے ہیں۔ درخواست میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حال ہی میں نوکری سے فارغ کئے گئے چند افراد کو بھی مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر چیک پوسٹوں پر تعینات کیا گیا ہے ۔ فیلڈ سٹاف نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شفاف انکوائری کرائی جائے تاکہ سرکاری وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے اور متاثرہ ملازمین کو انصاف مل سکے ۔