نوشہرہ ورکاں:بائیو میٹرک سسٹم کیخلاف وکلا کی ہڑتال
تحفظات دور کئے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا:رہنما
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )تحصیل بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر وکلا برادری نے RCMS کے متعلقہ قوانین بارے نوٹیفکیشن کے خلاف ہڑتال کی ہڑتال کے باعث سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور عدالتوں میں معمول کی کارروائی مکمل طور پر معطل رہی ۔اس موقع پر صدر بار ابوذر مہدی، اظہر امتیاز کھرل اور جنرل سیکرٹری سہیل رسول گجر نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم کا نفاذ، ریونیو ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کے ذریعے سیکنڈ اپیل کے حق کا خاتمہ اور ریونیو ڈائری کی معیاد کو 90 یوم سے کم کر کے 30 دن کرنا غیر منصفانہ ہے ،وکلا برادری کے تحفظات دور کئے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔ وکیل رہنما کامران اولکھ نے کہا کہ انصاف کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے ۔