مثالی گائوں منصوبہ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا :ارمغان سبحانی
ضلع سے 28 دیہات کا انتخاب ، ہر گاؤں کیلئے 15 کروڑ روپے مختص کئے گئے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )وزیر مملکت برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چودھری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ مثالی گاؤں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا ایک انقلابی منصوبہ ہے اور اس کیلئے سیالکوٹ ضلع سے 28 دیہات کا انتخاب کیا گیا ہے ، ہر گاؤں کیلئے 15 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جس سے اسکے انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری لا کر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔یہ بات انہوں ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کے ہمراہ صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی فیصل اکرام، طارق سبحانی، رانا شمیم اور رانا عارف اقبال ہرناہ کے علاوہ مختلف محکموں کے ضلعی افسر شریک ہوئے ۔ ارمغان سبحانی نے کہا کہ اس اہم منصوبہ میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کام کے معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔
انہوں نے مثالی گاؤں پروگرام میں سیالکوٹ کے مزید دو دیہات شامل کرنے کی ہدایت کی۔ ارمغان سبحانی نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت ان دیہات میں پختہ گلیوں، چھپڑوں کی صفائی، سیوریج سسٹم، واٹر سپلائی سسٹم اور پارکس کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور جس سے دیہات میں صحت عامہ کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ایم ڈی واسا سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا کہ 64 کروڑ روپے کی مشنری ایک سے دو ہفتوں تک واسا سیالکوٹ کو فراہم کی جا رہی ہے ۔