عقیدت بخاری نے وزیر آباد میں صفائی نظام بہتر بنایا:وقار چیمہ
ایماندار،محنتی اور فرض شناس ملازم کسی بھی محکمے کا اثاثہ ہوتا ہے :اسسٹنٹ کمشنر
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)سید عقیدت محسن بخاری نے شہر بھر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا اور اپنی ذمہ داریوں کو پوری دیانتداری سے نبھایا یہی وجہ ہے کہ وہ حکام بالا اور عوام میں انتہائی مقبول ہیں،ایماندار،محنتی اور فرض شناس ملازم کسی بھی محکمے کا اثاثہ ہوتا ہے ،سید عقیدت محسن بخاری اس کی واضح مثال ہیں،جنہوں نے اپنے فرائض منصبی کو پوری دیانتداری اورذمہ داری سے نبھایا ۔ان خیالات کا اظہار ایم پی اے وقار احمد چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ اور سابق چیئرمین بلدیہ بابو شعیب ادریس نے میونسپل کمیٹی وزیرآبادکے سینٹری انسپکٹر عقیدت محسن بخاری کی ریٹائرمنٹ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مسلم لیگی رہنما انصر محمود سندھو،محمد اعجاز بھٹی،صدر ایمپلائز یونین جنید اقبال،سابق کونسلرخواجہ محمد شعیب،سب انجنیئر محمد عابد باجوہ،ڈاکٹرنثار احمد،ذیشان اوپل نے بھی خطاب کیا۔ عقیدت محسن بخاری نے کہا کہ 40 سال گزر نے کا پتہ ہی نہیں چلا ، انہوں نے ملازمین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کیلئے نوکری کرتے ہیں تو ہمیں اپنے فرائض پوری دیانتداری اورذمہ داری سے نبھانے ہوں گے اسی میں دنیا وآخرت میں اجر بھی ملے گا ۔