سینئر پی پی رہنمائوں کا سنٹرل پنجاب کی نئی تنظیم سازی کا مطالبہ
پرویز اشرف کی عدم دلچسپی ، حسن مرتضیٰ کی من مانی سے پارٹی برباد :ارشاد اللہ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پیپلزپارٹی ورکرز اتحاد ایکشن کمیٹی سنٹرل پنجاب کے چیف کوآرڈی نیٹر ارشاد اللہ سندھو نے پیپلزپارٹی کے سینئر عہدیدار وں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ سنٹرل پنجاب میں فوری تنظیم سازی کی جائے ، پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کی عدم دلچسپی اور حسن مرتضیٰ کی من مانیوں اور سخت رویے کی وجہ سے پارٹی پنجاب میں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ، متوقع بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے اور کامیابی کیلئے سنٹرل پنجاب کی تنظیم کی تبدیلی اور نئی تنظیم سازی کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مختلف ڈویژنوں ، اضلاع اور شہروں کی سطح پر تنظیم سازی ہوہی ہے۔
اس میں جان بوجھ کر پیپلزپارٹی گوجرانوالہ ڈویژن کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے گوجرانوالہ ڈویژن اور گوجرانوالہ ضلع میں غیر متعلقہ گجرات ڈویژن اور وزیرآباد ضلع سے تعلق رکھنے والے چلے ہو ئے کارتوسوں غیر فعال لوگوں کو ڈویژن اور ضلع میں اہم عہدوں پر لگایا گیا حالانکہ ان کا گوجرانوالہ ڈویژن اور ضلع سے کوئی تعلق واسطہ نہیں تھا جس سے گوجرانوالہ ڈویژن اور ضلع سے تعلق رکھنے والے کارکنوں میں بددلی اور غم و غصہ پھیلا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر عثمان ملک کی قیادت میں بنا ئی گئی ریویو تنظیمی کمیٹی کی سفارشات کو پبلک کیا جائے تاکہ سنٹرل پنجاب میں کارکنوں تحفظات دور ہو سکیں ۔