چناب میں ڈوبی 2خواتین کی لاشیں چوتھے روز بھی نہ ملیں

چناب میں ڈوبی 2خواتین کی لاشیں چوتھے روز بھی نہ ملیں

اندھیرے کے باعث ریسکیو ٹیموں نے آپریشن معطل کر دیا ،آج دوبارہ شروع ہوگا

وزیرآباد ،علی پور چٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،تحصیل رپورٹر )دریائے چناب میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بعد لاپتہ ہونے والی 28 سالہ سامعہ بی بی اور 10 سالہ ایمان فاطمہ کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن چوتھے روز بھی جاری رہا تاہم دونوں کی لاشیں تاحال برآمد نہ ہو سکیں۔ اندھیرا چھا جانے کے باعث ریسکیو ٹیموں نے آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا جو آج 5 ویں روز دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق چوتھے روز جاری سرچ آپریشن میں تقریباً 18 ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔ گجرات، حافظ آباد اور گوجرانوالہ سے آنے والی امدادی ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو چکی ہیں جبکہ وزیرآباد کی ریسکیو ٹیمیں مسلسل دریائی حدود میں دونوں لاپتہ خواتین کی تلاش میں مصروف ہیں عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز نواحی علاقے کوٹ بیلہ سے تعلق رکھنے والی 8خواتین، جن میں پانچ کم عمر بچیاں بھی شامل تھیں، تفریح کی غرض سے دریائے چناب کے کنارے آئیں اور گہرے پانی میں جانے سے تمام خواتین ڈوب گئیں۔مقامی افراد کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں چار خواتین کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ چار جان کی بازی ہار گئیں ۔حادثے میں جاں بحق ہونے والی حفضہ اور اس کی آٹھ سالہ بیٹی سیرت فاطمہ کی لاشیں پہلے ہی نکال لی گئی تھیں جنہیں گزشتہ روز آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں