تمباکو نوشی صحت کیلئے خاموش قاتل ،وزیر اعلیٰ

تمباکو نوشی صحت کیلئے خاموش قاتل ،وزیر اعلیٰ

عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کے خلاف قوانین پر عمل یقینی بنایا جائے زندگی کو ہر قسم کے صحت کے خطرات سے محفوظ بنانا ہوگا،مرادعلی شاہ

کراچی(اے پی پی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ انسدادِ تمباکو نوشی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمباکونوشی انسانی صحت کے لیے ایک خاموش قاتل ہے اور اس سے بچاؤ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی جیسی مضر عادت سے محفوظ رکھنا حکومت، والدین، اساتذہ اور سماج کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ وزیراعلی سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ صحت مند سماج کے قیام کے لیے تمباکو نوشی سے دور رہیں اور دوسروں کو بھی اس کے نقصانات سے آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی صرف ایک عادت نہیں بلکہ متعدد مہلک بیماریوں کی جڑ ہے ، جو دل، پھیپھڑوں اور دیگر خطرناک امراض کا سبب بنتی ہے ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت انسدادِ تمباکو سے متعلق آگاہی مہمات کو مزید موثر بنا رہی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کے خلاف موجود قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ صحت ہمارا بنیادی حق ہے اور ہمیں اپنی زندگی کو ہر قسم کے صحت کے خطرات سے محفوظ بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا مشن عوام کو صحت مند زندگی اور تمباکو سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں