ڈی پی او میانوالی کا امن کمیٹی اور منتظمین مجالس سے اجلاس
کالاباغ (نمائندہ دنیا)محرم الحرام 2026 کے دوران امن و امان اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ریاست ہاؤس کالاباغ میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وقار عظیم کھرل نے کی۔
اجلاس میں کالاباغ اور داؤد خیل کے امن کمیٹی ممبران، منتظمین مجالس اور لائسنس داران جلوس نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال، مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی، بین المسالک ہم آہنگی اور ضا بطہ اخلاق پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام میانوالی پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے ، برداشت اور رواداری کے فروغ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور ضابطئہ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنائیں۔انہوں نے امن کمیٹی کے اراکین اور منتظمین مجالس کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح اس سال بھی تمام مکاتبِ فکر کے باہمی تعاون اور یکجہتی سے محرم الحرام کے دوران پُرامن ماحول برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے جامع اور مؤثر انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عزاداران کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔اجلاس کے شرکا نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں اور میانوالی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔