اقلیتی برادری کو سہولیات فراہم کی جارہیں،رمیش اروڑہ

اقلیتی برادری کو سہولیات فراہم کی جارہیں،رمیش اروڑہ

عبادتگاہوں کی تعمیر،مرمت،بحالی ،طلبہ کی تعلیم کیلئے سکیمیں متعارف کرائیں

رحیم یار خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ضلع رحیم یار خان میں اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نسرین ریاض گجر’ اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان’ سابق ایم پی اے اقلیتی امور کانجی رام’ سیمسن مختار اور متعلقہ محکموں کے افسر بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے دورے کے دوران ورناویش مندر کی تزئین و آرائش و بحالی’ چرچ پلاٹ رحیم یار خان کی تعمیر و بحالی’ اقلیتی قبرستان کی تعمیر و مرمت’ عبادت گاہ ابوظہبی کالونی نمبر 2’ چک 83پی اور کمیونٹی سنٹر 186پی ٹبی بھگوار صادق آباد کے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں تاکہ اقلیتی برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دورے کے دوران مسیحی اور ہندو برادری کے وفود نے صوبائی وزیر سے ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ کی جانب سے اقلیتی عبادت گاہوں کی تعمیر’ مرمت اور بحالی کیلئے خطیر فنڈز کی فراہمی’ اقلیتی طلبہ و طالبات کی تعلیم و تربیت کے لئے متعارف کرائی گئی مختلف فلاحی سکیموں اور اقلیت دوست پالیسیوں پر شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام شہریوں کو بلا امتیاز مذہب’ رنگ اور نسل یکساں حقوق کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کی بحالی’ مذہبی آزادی کے فروغ اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں