انٹر میڈیٹ امتحانات ،مراکز میں بلا تعطل بجلی فراہمی کا حکم
ملتان، لودھراں، خانیوال، بہاولپور، وہاڑی کے امتحانی مراکز کو بجلی فراہم کرنے والے فیڈرزکو قبل ازوقت اقدامات کی ہدایت، صبح 9تا12اور دوپہر 2تا شام ساڑھے 5بجے بجلی بحال رہیگی
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد نے سالانہ امتحانات 2026ء کے دوران تمام امتحانی مراکز میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان کے کنٹرولر امتحانات کے مراسلے کی روشنی میں میپکو کے آپریشن سرکلوں ملتان، بہاولپور، خانیوال اور وہاڑی کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو خصوصی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ہدایات کے مطابق بی آئی ایس ای ملتان کے زیر انتظام ملتان، لودھراں، خانیوال، بہاولپور اور وہاڑی میں قائم امتحانی مراکز کو بجلی فراہم کرنے والے فیڈرز پر امتحانی اوقات کے دوران بلا تعطل بجلی کی ترسیل یقینی بنائی جائے گی۔
میپکو چیف نے کہا کہ امتحانات کے دوران صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اور دوپہر 2 بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک امتحانی مراکز کو بجلی کی مسلسل فراہمی برقرار رکھی جائے گی تاکہ طلبہ کو سازگار امتحانی ماحول میسر آ سکے اور امتحانات کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ سرکلوں میں قائم امتحانی مراکز کے فیڈرز کی خصوصی نگرانی کی جائے گی اور بورڈ کی جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق امتحانی اوقات میں بجلی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔انجینئر گل محمد زاہد نے واضح کیا کہ امتحانی اوقات میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔