حب کینال میں نہانے والے 35افراد گرفتار
پابندی پر عملدرآمد کے لئے انتظامیہ اور پولیس کو نگرانی کی ہدایت والدین قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے بچوں پر نظر رکھیں،کمشنر کااعلامیہ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے حب کینال میں نہانے پر عائد پابندی پر عملدرآمد کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو سخت نگرانی کی ہدایت دی ہے ۔کمشنر کراچی آفس ہینڈ آؤٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے پابندی پر عملدرآمد کے بارے میں کمشنر کو رپورٹ پیش کی ہے ۔رپورٹ کے مطابق منگھو پیر پولیس حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے ، کارروائی کر کے 35 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ گرفتار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے ۔تمام شہریوں کو سختی سے متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ نہر کے علاقے میں جانے ، نہانے ، تیراکی کرنے یا ہجوم میں جمع ہونے سے گریز کریں۔ تمام خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بغیر کسی رعایت کے فوری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے ۔ہینڈ آؤٹ کے ذریعے شہر یو ں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ حب کینال پر نہانے سے گریز کریں، والدین کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچانے اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے نہر کی طرف جانے سے روکیں۔علاوہ ازیں نمائندہ دنیا کے مطابق حب ندی سے ایک شخص کی لاش کو نکال لیا گیا،لاش کو حب سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایدھی ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی عمر 35سے 40سال کے درمیان ہے تاہم شناخت نہیں ہوسکی ۔