پولیو فری پاکستان کا خواب بھی شرمند تعبیر ہوگا:عمران نذیر
پولیو سرویلنس اور ماحولیاتی سیمپلز کا منفی آنا مشترکہ کاوشوں کانتیجہ :وزیر صحت
لاہور(اے پی پی)محکمہ صحت و آبادی نے پولیو کے خلاف جاری مہم میں اہم کامیابی حاصل کی ہے ۔ترجمان کے مطابق لاہور، راولپنڈی، ملتان، راجن پور سے موصول ہونے والے پولیو سرویلنس اور ماحولیاتی سیمپلز کے تمام نتائج منفی آئے ہیں، جسے صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے پولیو کے خاتمے کی جانب ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا ہے ۔پولیو سرویلنس اور ماحولیاتی سیمپلز کا منفی آنا مشترکہ، سنجیدہ اور مؤثر کاوشوں کا واضح ثبوت ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے امید ظاہر کی کہ صوبے کے دیگر اضلاع سے بھی جلد اسی نوعیت کے حوصلہ افزا نتائج موصول ہوں گے۔
انہوں نے اس کامیابی میں مؤثر قیادت اور تعاون پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، وزیراعلی ٰپنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار اور سیکرٹری صحت و بہبودِ آبادی نادیہ ثاقب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ یہ کامیابی ای او سی کوآرڈینیٹر رانا عدیل تصور، پولیو پروگرام کی پوری ٹیم، ضلعی انتظامیہ، لیڈی ہیلتھ ورکرز، لیڈی ہیلتھ سپروائزرز اور فرنٹ لائن پولیو ورکرز کی دن رات محنت، لگن اور عوامی خدمت کے جذبے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انشا اﷲ پولیو فری پنجاب اور پولیو فری پاکستان کے خواب کو جلد شرمند تعبیر کیا جائے گا۔