فیلڈ مارشل کا دورہ ایران امن کیلئے سنگ میل ہوگا:عبدالکریم
پاکستان کے فروغ امن کے کردار کو دنیا میں سراہا جارہا ہے :امیر جمعیت اہلحدیث
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا دورہ سعودی عرب کے بعدکیا گیا، دورہ تہران علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ،اس وقت پاکستان ایک بار پھر عالمی برادری کی توجہ کا مرکز و محور بن چکا ہے ۔ بڑی عید کے موقع پر عوام کو بڑی خوشخبری ملنے والی ہے جس کیلئے پوری قوم وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی کاوشوں اور کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔پاکستان کے فروغ امن کے کردار کو آج پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے اور ثابت ہوگیا ہے کہ بھارت اور اسرائیل عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں۔ ان دونوں کے جنگی جنون کو ختم کرنے اور علاقائی امن و استحکام کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں میڈیا نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈاکٹر علی محمد ابوتراب، ڈاکٹر پروفیسر عبدالغفور راشد، مولانا محمدیونس آزاد، پروفیسر ڈاکٹر عاصم حمید، حافظ ڈاکٹر عبدالغفار مکی اور دیگر موجود تھے۔