پاکستان ،ملائیشیا عالمی مسائل کیلئے کردار ادا کریں، لیاقت بلوچ
ملائیشیا کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ،اسکی معاشی ترقی کے معترف : ملائیشین وفدسے گفتگو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 250 روپے فی لیٹر اور کرایے کم کئے جائیں :جاوید قصوری
لاہور(سیاسی نمائندہ)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ملائیشیا کی اسلامی جماعت (حزبِ اسلامی ملائیشیا) کے علما کونسل کے صدر اور رکن پارلیمنٹ داتو حاجی احمد بن سعد یحیی کی قیادت میں وفد نے منصورہ میں ملاقات کی۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امورِ خارجہ آصف لقمان قاضی، پروفیسر ایوب منیر، پروفیسر اقبال نکیانہ، حافظ محمد عبداللہ اور دیگر بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے عوام ملائیشیا اور اس کے عوام کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ملائیشیا کی معاشی ترقی کے معترف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کا دوسرا گھر ہے ۔ملاقات کے اختتام پر لیاقت بلوچ نے ملائیشین وفد کو تحائف بھی پیش کیے ۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کی آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن کے مطابق تیاری ملکی خودمختاری، قومی وقار اور عوامی مفادات کے خلاف ہے ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو فوری طور پر 250 روپے فی لیٹر تک لایا جائے اورکرائے کم کئے جائیں۔