لائنز ایریا میں پانی کابحران ،ٹینکر مافیا کی چاندی
یوسی10سیکٹر ون اے میں نئے پراجیکٹس کو پانی کی سپلائی ،مقامی آبادی محروم شہری مہنگے ٹینکر خریدنے پر مجبور،حکام مافیا کے خلاف کارروائی کریں ،علاقہ مکین
کراچی (سٹی ڈیسک)ٹینکر مافیااور واٹربورڑ کے گٹھ جوڑ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ،شدید گرمی میں پانی کی قلت نے لائنزایریا کی عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لائنز ایریا میں پانی کی قلت شدت اختیار کرگئی ، لائنزایریا (گلشن ظہور)یوسی دس سیکٹر ون اے وارڈ 1 میں کئی روزسے پانی کی فراہمی بند ہے جس کے باعث شہری مہنگے داموں ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں ۔علاقہ مکینوں کے مطابق کچھ عرصے پہلے گندا پانی سپلائی ہورہا تھا اب کئی ہفتوں سے گھروں میں پانی کی ایک بوند تک نہیں آرہی ۔ شدید گرمی میں بچے ، بزرگ اور مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔یوسی 10 سیکٹر ون اے وارڈ ون اورٹو مکمل پانی سے محروم ہے جبکہ ملحقہ سیکٹر 2 بی میں پانی کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے ۔ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ غیر قانونی کنکشنز اور مبینہ رشوت کے بغیر پانی کا حصول ناممکن بنا دیا گیا ہے ،مبینہ طور پر ہزاروں روپے وصول کرنے کے باوجود پانی بند کر دیا جاتا ہے اور دوبارہ بحالی کیلئے مزید رقوم طلب کی جاتی ہیں۔ذرائع کے مطابق سیکٹر ون اے میں پانی کا بحران سیکٹر سے ملحق دو بڑے نئے رہائشی پراجیکٹ کے ہزاروں گیلن اسٹاک کرنے والے ٹینک بھرنے کی وجہ سے ہوتا ہے جسے علاقے کے واٹر بورڈ عملے کے کرتا دھرتا پورے علاقے سے ناانصافی کرکے خصوصی نگرانی میں بھرواتے ہیں۔علاقہ مکینوں نے پانی بحران اور ٹینکر مافیا کے خلاف اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور متنبہ کیا ہے کہ اگر پانی کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو سڑکوں پراحتجاج کیا جائے گا۔