لالہ موسیٰ:تجاوزات کیخلاف آ ج سے گرینڈ آپریشن کاآغاز
عوامی شکایات پر فیصلہ ، دکانداروں اور ریڑھی بانوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی
لالہ موسیٰ(نمائندہ دنیا )لالہ موسیٰ مین بازار میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ، پیرافورس آج تاریخی آپریشن کریگی، دکانداروں اور ریڑھی بانوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی، لالہ موسیٰ میں تجاوزات کے حوالے سے ایم این اے نصیراحمدعباس سدھو،ڈی سی نورالعین قریشی ،اسسٹنٹ کمشنرکھاریاں احمدشہیر گوندل کو ملنے والی عوامی شکایات کے بعد لالہ موسیٰ میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کافیصلہ کیاگیا،عیدسے قبل پیرافورس نے ایک ایک دکان پر جاکر تاجروں سے اپیل کی تھی کہ اپناسامان شٹر کے اندررکھیں لیکن دکانداروں نے عملدرآمدنہیں کیاتو عیدسے قبل کئی دکانوں کو تجاوزات کے جرم میں سیل بھی کیاگیا،آج سے پیرافورس مکمل تیاری کے ساتھ تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع کررہی ہے اور کہاجارہاہے کہ یہ آپریشن بلاامتیازہوگااور اس کاآغاز طاقتور لوگوں سے ہوگا،اس سے قبل دکانداروں کو دکانوں کے آگے تین فٹ جگہ دے کر ییلو لائن لگاکر دکانداروں کو پابند کیاجاتاتھاکہ اس سے آگے نہیں آنا ،اس تین فٹ جگہ پر دکانداراپناسامان ڈسپلے کرلیتے تھے یاپھرکسی ضرورت مندکو کرایہ پر وہ جگہ دے دیتے تھے جس سے سب مل جل کرروزگار چلتارہتاتھا،مقامی تاجروں کاکہناہے کہ اس آپریشن سے تاجر برادری کے علاوہ ریڑھی بانوں،تھڑ ے والوں کاروزگار بھی ختم ہوجائے گا۔