حافظ آباد:ایس ٹی آ ئی اساتذہ 3ماہ سے تنخواہ سے محروم
عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی وعدوں اور یقین دہانیوں پر ٹرخایا جاتا رہا:ریاض احمد تارڑ
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا )متحدہ محاذ اساتذہ ضلع حافظ آباد کے چیئرمین ریاض احمد تارڑ نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں تعینات ایس ٹی آئی اساتذہ گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی انہیں ادائیگیوں کے حوالے سے صرف وعدوں اور یقین دہانیوں پر ٹرخایا جاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے نہ صرف ایس ٹی آئی اساتذہ کو عید کے موقع پر تنخواہوں کی ادائیگی سے محروم رکھا بلکہ متعدد آفٹر نون سکولوں کے اساتذہ کو بھی ان کے واجبات اور بقایا جات ادا نہیں کیے گئے ۔ اس صورتحال کے باعث متاثرہ اساتذہ ضلعی اساتذہ تنظیموں سے رابطہ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ریاض احمد تارڑ کے مطابق عید کی آمد پر متعلقہ تعلیمی افسر اپنی مصروفیات میں مشغول رہے جبکہ اساتذہ اپنے جائز معاوضے کے انتظار میں دربدر ہوتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور قانون دونوں مزدور کو اس کی اجرت بروقت ادا کرنے کی تلقین کرتے ہیں مگر افسوس کہ اساتذہ کو ان کی محنت کا صلہ د ئیے بغیر عید کی تعطیلات منائی گئیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ بعض آفٹر نون سکول اساتذہ کے بل تاحال اکاؤنٹس آفس میں زیر التوا پڑے ہیں۔ متحدہ محاذ اساتذہ کے چیئرمین نے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری انکوائری کرائی جائے ، ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور متاثرہ اساتذہ و ملازمین کو واجبات بلا تاخیر ادا کئے جائیں تاکہ انہیں مزید ذہنی اور مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔