وزیرآباد:ٹھٹھی آرائیاں میں 4روز سے واٹر سپلائی بند
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیرآباد کے گنجان آباد علاقے ٹھٹھی آرائیاں میں گزشتہ 4 روز سے واٹر سپلائی بند ہے جس نے اہل علاقہ کی زندگی اجیرن کر دی ۔شدید گرمی میں پانی کی عدم دستیابی کے باعث گھروں کے روزمرہ کے کام کاج ٹھپ ہو کر رہ گئے ۔
مقامی رہائشیوں نے دہائی دیتے ہوئے بتایا کہ بچے ، خواتین اور بزرگ اس شدید تپش میں دور دراز علاقوں اور مساجد سے سروں پر پانی کے برتن اٹھا کر لانے پر مجبور ہیں انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ واٹر سپلائی کو بحال کروایا جائے ۔دوسری جانب واٹر سپلائی محکمہ کے مطابق گیپکو ٹرانسفارمر کے بکس کی خرابی کی وجہ سے واٹر سپلائی موٹر نہیں چل رہی تھی جس کی مرمت کی گئی ہے اور موٹر کو چالو کر دیا ۔