محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل
بین المسالک ہم آہنگی ناگزیر، علماء رواداری کا پیغام عام کریں ،کمشنر عامر کریم
خانیوال، میلسی (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگاران )محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، فول پروف سکیورٹی اور عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل نے خانیوال کا دورہ کیا۔ کمشنر اور آر پی او نے مرکزی امام بارگاہ 11 بلاک میں لائسنس داران، منتظمین مجالس اور ضلعی امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
کمشنر اور آر پی او نے مرکزی جلوس کے روٹ کا پیدل معائنہ کیا اور جلوس و مجالس کے انتظامات، سکیورٹی اقدامات، صفائی ستھرائی، لائٹنگ اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ یکم محرم الحرام سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کئے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔کمشنر ملتان ڈویڑن عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور مذہبی رہنماؤں کے تعاون کی خواہاں ہے۔ عامر کریم خان اور آر پی او عثمان اکرم گوندل نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال کے ہمراہ میلسی کا دورہ کیا۔
انہوں نے اے سی آفس میں لائسنسداران، مجالس کے منتظمین اور امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی جبکہ جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم خان نے یکم محرم الحرام سے قبل تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء امن، بھائی چارے ، تحمل، برداشت اور رواداری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں اور محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کے ساتھ بہترین کوآرڈینیشن موجود ہے ، یوم عاشورہ کے جلوسوں کے ہمراہ سبیل گاڑی موجود ہونی چاہیے ، جلوس روٹس پر لٹکی تاریں اونچی کی جائیں، مین ہولز پر کور نصب کئے جائیں، پیچ ورک مکمل کیا جائے اور تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔