ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس، منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور
ڈپٹی کمشنر نے معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت دی
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اور جاری و مجوزہ ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، فنڈز کے استعمال، فزیکل پراگریس اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف سکیموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جبکہ فنڈز کے شفاف استعمال اور باقاعدہ مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے کر مزید ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔