انقلابی تعلیمی منصوبوں کی جلد تکمیل کا ہدف
نجی سکولوں کی رجسٹریشن، تعلیمی معیار، انتظامی امور میں شفافیت ، محکمہ سکولز ایجوکیشن کے احکامات ، قوانین پر ہدایتطلبہ کی معیاری تعلیم ، بہترین سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح، ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کا خطا ب
ملتان (خصوصی رپورٹر، وقائع نگار خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع ملتان میں تعلیمی شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نجی سکولوں کی رجسٹریشن، تعلیمی معیار، انتظامی امور اور ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران تعلیمی شعبے میں بہتری، شفافیت اور معیارِ تعلیم کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور نجی سکولوں کی رجسٹریشن کے نظام کو مزید فعال اور شفاف بنایا جائے ۔ اجلاس میں متعدد تعلیمی اور انتظامی معاملات کی منظوری بھی دی گئی اور متعلقہ افسروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ طلبہ کو معیاری اور بہتر تعلیمی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔