حافظ آباد: اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن، فرد کا اجرا، رجسٹریاں بند، خریدو فروخت متاثر

حافظ آباد: اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن، فرد کا اجرا، رجسٹریاں بند، خریدو فروخت متاثر

متعدد خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان معاہدوں کی مدت ختم ہونے کے قریب،کروڑوں روپے کے لین دین خطرے میں پڑ گئے ،مالی نقصانات اور قانونی پیچیدگیوں کے خدشات

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی ہدایت پر ضلع کے اراضی ریکارڈ کو مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کرنے کے عمل کے دوران کافی عرصے سے مینول فردات کی بنیاد پر رجسٹریوں کا اجرا بند ہونے سے زمینوں کی خرید و فروخت کا کاروبار شدید متاثر ہو گیا ، شہریوں کے کروڑوں روپے کے لین دین خطرے میں پڑ گئے ۔ شہریوں اور پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ انہیں نہ کمپیوٹرائزڈ فردات حاصل ہو رہی ہیں، نہ مینول فردات جاری کی جا رہی ہیں اور نہ ہی گرین سرٹیفکیٹ کا حصول آسان بنایا جا سکا ہے ۔ اس صورتحال کے باعث متعدد خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان طے شدہ معاہدوں کی مدت ختم ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے جس سے مالی نقصانات اور قانونی پیچیدگیوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔پراپرٹی ڈیلرز کے مطابق فردات کے اجرا میں تعطل کے باعث جائیداد کے کاروبار تقریباً مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ متاثرین نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ رجسٹریوں، فردات اور گرین سرٹیفکیٹ کے اجرا کا عمل فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ شہریوں کے مالی معاملات متاثر ہونے سے بچ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں