اسلام دشمنوں سے مقابلہ کیلئے اتحاد نا گزیر:رضا ثاقب مصطفائی
معاشرتی بگاڑ دور کرنے کیلئے آئمہ مساجد اور خطبا کرام کی فکری و عملی تربیت کی ضرورت
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)معروف عالمی مبلغِ پیرزادہ رضا ثاقب مصطفائی نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں معاشرتی بگاڑ کو دور کرنے کیلئے قائدین، آئمہ مساجد اور خطبا کرام کی فکری و عملی تربیت کی شدید ضرورت ہے ، آج ہمارے معاشرے میں بڑھتا ہوا اختلاف اور انتشار دراصل قوتِ برداشت کی کمی اور بے جا جذباتیت کا نتیجہ ہے ، اسلام اور بانیِ اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ؐ نے سب سے پہلے احترامِ انسانیت اور رواداری کا درس دیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صاحبزادہ مستجاب علی شاہ جماعتی اور امیرِ جماعت حافظ محمد رفیق قادری کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رضا ثاقب مصطفائی نے کہا کہ عظام کو چاہیے کہ وہ محراب و منبر سے قرآن و حدیث کی روشنی میں ایسے تربیتی بیانات دیں جس سے معاشرے میں اخوت، بھائی چارہ اور اتفاق و اتحاد کی فضا قائم ہو ، دینِ اسلام امن و سلامتی کا علمبردار ہے ،جب تک ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم نہیں کریں گے ، تب تک ملک اور اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کا ڈٹ کر مقابلہ نہیں کیا جا سکتا، جذباتی فیصلوں کے بجائے پُرامن مکالمے اور برداشت کو فروغ دینا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ۔وفد نے رضا ثاقب مصطفائی کے بہنوئی محمد منیر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔