تعطیلات میں ہاسٹلز کی بندش کیخلاف طالبات کامظاہرہ
انتظامیہ طلبہ کو تعلیمی اور رہائشی حقوق سے محروم کرنے سے باز رہے :طالبات
لاہور (خبر نگار)پنجاب یونیورسٹی کی طالبات نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران ہاسٹلز کی بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر مظاہرہ کیا۔ طالبات کا کہنا تھا کہ انٹرنشپس، ریسرچ منصوبوں اور ملازمتوں میں مصروف طلبہ و طالبات کو ہاسٹل بند ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ فوری طور پر ہاسٹلز کھولنے کا اعلان کرے تاکہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں مصروف طلبہ متاثر نہ ہوں۔ طالبات نے الزام عائد کیا کہ ہاسٹل فیس میں سو فیصد اضافے کے باوجود بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، جو قابل مذمت ہے ۔احتجاج کرنے والی طالبات نے خبردار کیا کہ اگر ہاسٹلز نہ کھولے گئے تو پورے لاہور کے تعلیمی اداروں کے طلبہ مشترکہ احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ طلبہ کو بنیادی تعلیمی اور رہائشی حقوق سے محروم کرنے سے باز رہے ۔طالبات نے مزید اعلان کیا کہ طلبہ دشمن پالیسیوں کے خاتمے اور ہاسٹلز کی فوری بحالی تک احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔