حکومت تعمیراتی شعبہ کیلئے مراعات کا علان کرے :احمد اوجلہ

حکومت تعمیراتی شعبہ کیلئے مراعات کا علان کرے :احمد اوجلہ

جائیدادکی خریدو فروخت پر ٹیکس شرح 0.25فیصد تک کرنے کی اطلاعات خوش آ ئند

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر رائل پام سٹی احمد وقاص اوجلہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کیلئے زیادہ سے زیادہ مراعات کا اعلان کیا جائے تاکہ ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں تیز ہوں اور ملکی معیشت مستحکم ہوسکے ۔ایک ملاقات میں احمد وقاص اوجلہ نے کہا کہ پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس کی شرح 0.25فیصد تک لانے کی زیر گردش اطلاعات انتہائی خوش آئند ہیں، اگر حکومت اس حوالے سے عملی اقدامات کرتی ہے تو اس سے نہ صرف سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ پراپرٹی مارکیٹ میں نئی جان بھی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ صرف ایک کاروبار نہیں بلکہ درجنوں صنعتوں کی ترقی کا ذریعہ ہے کیونکہ ایک مکان، پلازہ یا ہاؤسنگ منصوبہ کی تعمیر سے سریا، سیمنٹ، اینٹوں، ٹائلز، الیکٹریکل سامان، پینٹ، لکڑی، شیشہ اور دیگر شعبوں سے وابستہ کاروبار بھی متحرک ہو جاتے ہیں اور اس طرح لاکھوں افراد کے روزگار کا سلسلہ بھی چلتا ہے ۔احمد وقاص نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن سیکٹر پر عائد غیر ضروری ٹیکسوں اور پیچیدہ شرائط میں نرمی کرے تاکہ سرمایہ کار بلاخوف و خطر سرمایہ کاری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جائیداد کے لین دین پر ٹیکسوں میں کمی اور آسان پالیسیوں سے مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں