میرپور خاص:کوچ ٹرک تصادم، کرنٹ سے 2جاں بحق، 13زخمی

میرپور خاص:کوچ ٹرک تصادم، کرنٹ سے 2جاں بحق، 13زخمی

رنگ روڈ پرحادثہ،ڈرائیور ہلاک، 3شدید زخمی، حمید پورہ میں سلنڈر دھماکہ، ایک زخمیجیکب آباد میں تعمیراتی کام کے دوران دیوار گرگئی، 4مزدور زخمی، جامشورو میں 2اموات

میرپور خاص، اندرون سندھ (نمائندگان) میرپور خاص میں کوچ ٹرک تصادم اور کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے ، جبکہ سلنڈر دھماکے میں ایک شخص جھلس گیا، جیکب آباد میں دیوار گرنے سے 4مزدور زخمی ہوگئے ۔ میرپورخاص میں رنگ روڈ پر عمرکوٹ جانیوالی کوچ اور ٹرک کے خوفناک تصادم میں کوچ ڈرائیور محبوب آریسر موقع پر ہی جاں بحق اور جاوید، محمد ہاشم، ابراہیم سمیت 13 افراد شدید زخمی ہوگئے، جاں بحق ڈرائیور کی لاش اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، عینی شاہدین کے مطابق کوچ ڈرائیور نے موٹرسائیکل سوار کو بچایا اور کوچ سامنے سے آنیوالے ٹرک سے ٹکراگئی، اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک ہونے پرنعمان ملک، رشید ملک سمیت 3 زخمیوں کو حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب گلبرگ ٹاؤن میں پرائیویٹ واپڈا کا کام کرنے والا شہزاد مری کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، حمید پورہ کالونی میں گیس سلنڈر دھماکے میں ایک شخص رفیق 80 فیصد جھلس گیا۔ جیکب آباد کے علاقے شہباز پور محلے میں ایک زیر تعمیر مکان کی تعمیر کے دوران دیوار اچانک گرنے سے مستری سمیت چار مزدور اللہ وسایو، سدھیر، بابو اور اصغر علی ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے ، جنہیں ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جامشورو کی تحصیل مانجھند کے کچے میں جھگیوں میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے باعث سوئے ہوئے 3 سالہ سورج کولھی اور 5 سالہ نیتل کولھی جھلس کر ہلاک ہوگئے ، دوسرے واقعے میں کوٹری صنعتی زون میں واقع پاکستان آئل مل میں شیڈ گرنے کے باعث 3 مزدور شدید زخمی ہوگئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں