کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس، انتظامات کا جائزہ
صوبائی وزرا ،گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن کے ارکان اسمبلی ، پولیس حکام کی شرکت
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر گوجرانوالہ میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، کو چیئرمین بلال یاسین، صوبائی وزرا ملک صہیب احمد بھرتھ، بلال اکبر خان اور چودھری شافع حسین، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، آئی جی پنجاب عبدالکریم، ڈی جی اوقاف، اعلیٰ انتظامی و پولیس افسر ، گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسر وں نے شرکت کی۔کمشنر گوجرانوالہ محمد علی اور آر پی او خرم شہزاد نے گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 6,858 مجالس اور 1,588 جلوسوں کیلئے سکیورٹی، طبی سہولیات، مانیٹرنگ اور دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد اور فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے جبکہ بلال یاسین نے پبلک سیفٹی ایپ کے استعمال، موسم کی شدت کے پیش نظر خصوصی انتظامات اور بین المحکماتی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔