کوٹ لدھا :خاتون منشیات فروش گرفتار ‘15کلو چرس برآ مد
دوسرے اضلاع سے منشیات لاتی اورضلع بھر میں فروخت کرتی :ارسہ کا انکشاف
نوکھر (نامہ نگار )سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں ۔انہی احکامات کے پیش نظرایس پی صدر محمد خان کی ہدایت پر ایس ڈی پی او نوشہرہ ورکاں عنصر فاروق مان کی زیرنگرانی ایس ایچ او کوٹ لدھا انسپکٹر محمد سرور اور ان کی پولیس ٹیم نے دوران گشت و ناکہ بندی اورتلاش خاتون منشیات فروش کو گرفتار کر کے ملزمہ کے قبضہ سے 15 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ گرفتار ملزمہ کی شناخت ارسہ عاصم کے نام سے ہوئی۔ دورانِ تفتیش ملزمہ نے انکشاف کیا کہ وہ دیگر اضلاع سے منشیات لاتی اورضلع بھر میں فروخت کرتی تھی۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسرڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کیلئے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے ۔ سی پی او نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او کو ٹ لدھا انسپکٹر محمد سرور اور ٹیم کی کاوش کو سراہا ۔