موت سے قبل جگر عطیہ ،نوجوان نے بچے کی جان بچالی
راہوالی کے شہباز کے دماغ کی شریان پھٹ گئی ،دبئی کے ہسپتال میں داخل کرا یا گیازندگی کی امید نہ رہی تو ساتھ والے بیڈ پر زیر علاج 12 سالہ لڑکے کو جگر عطیہ کر دیا
راہوالی (نامہ نگار)دبئی میں وفات پا نے والے راہوالی کے نوجوان نے ہسپتال میں علاج کے دوران ساتھ والے بیڈ کے مریض لڑکے کو جگر عطیہ کرکے 12سالہ مریض کی زندگی بچا لی ۔ محلہ اونچا ٹبہ راہوالی کے طارق آرائیں کا 27سالہ بیٹا شہباز 4سال سے بسلسلہ روزگار دبئی میں مقیم تھا جس نے اسی ماہ کی 27تاریخ کو چھٹی پر راہوالی آنا تھا لیکن 1ہفتہ قبل دماغ کی شریان پھٹنے سے اسے دبئی کے ہسپتال میں داخل کر ادیا گیا 3روز قبل ہوش آنے پر معلوم ہو گیا کہ وہ اب بچ نہیں سکے گا تو اس نے اپنے ساتھ والے بیڈ پر جگر کے علاج کیلئے داخل 12سالہ مریض بچے کو جگر عطیہ کرنے کا اعلان کیا تو اس کا جگر 12سالہ مریض کو لگا دیا گیا۔
جگر تبدیل کرنے سے قبل ہسپتال کی انتظامیہ تمام ڈاکٹرز اور وہاں پر موجود دیگر لوگوں نے جگر عطیہ کرنے پر شہباز کے جذبے کو سراہا ۔ دبئی ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے مرحوم کے والد بہن بھائیوں میں سے کسی کو بھی کسی وقت گردے ، جگر ، مثانے آنکھ کی خدانخواستہ تبدیلی کی ضرورت پڑی تو ان کا علاج عضا کی تبدیلی کے لیے دبئی ہسپتال کی طرف سے بالکل مفت خدمات انجام دی جائیں گی جس کا ہسپتال انتظامیہ نے تحریری معاہدہ کرکے پاکستان میں مرحوم کے لواحقین کو بھیج دیا ۔