فکس ٹیکس تاجر وں کو کسی صورت قبول نہیں:شیخ جاوید
حکومت فکس ٹیکس کی شرح ایک فیصد سے کم کرکے ریلیف فراہم کرے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ سیالکوٹ کے جنرل سیکرٹری شیخ جاوید حیدر نے کہا ہے کہ فکس ٹیکس تاجر برادری کو کسی صورت قبول نہیں اور یہ خصوصاً چھوٹے دکانداروں کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے ، حکومت فکس ٹیکس کی شرح ایک فیصد سے کم کرے اور تاجروں کو ریلیف فراہم کرے ۔وہ مختلف بازاروں کے صدور، جنرل سیکرٹریز اور دیگر عہدیدار وں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی مختلف نوعیت کے ٹیکس باقاعدگی سے ادا کر رہی ہے۔
تاہم موجودہ معاشی حالات میں مزید مالی بوجھ کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرے گا۔شیخ جاوید حیدر نے کہا کہ ملکی معیشت اس وقت دباؤ کا شکار ہے ، ایسے میں تاجر برادری کو مشکلات میں اضافے کے بجائے سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاجر ٹیکس ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم ٹیکس کی ادائیگی کے طریقہ کار کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنایا جائے ۔ اس سلسلے میں تاجر نمائندوں سے مشاورت کی جائے تاکہ باہمی اعتماد اور خوشگوار ماحول میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے ۔