ریڑھی بازار وں کے باوجود سڑکوں پر دوبارہ تجاوزات
ٹھیکیدار مافیا کے کارند وں نے شاہراہوں اور بازاروں پر قبضے جمانا شروع کر دئیے
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ریڑھی بازار قائم ہونے کے باوجود سڑکوں پر دوبارہ تجاوزات سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے شہروں کو تجاوزات سے پاک، صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے ریڑھی بازار اور کارٹ بازار قائم کیے گئے مگر اس کے باوجود مختلف علاقوں میں سڑکوں پر دوبارہ تجاوزات قائم ہونے لگی ہیں جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔شہریوں کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے لیے متبادل مقامات فراہم کیے جانے کے باوجود ٹھیکیدار مافیا کے کارندوں نے موٹر سائیکل رکشوں، ریڑھیوں اور ٹھیلوں کے ذریعے دوبارہ مرکزی شاہراہوں اور بازاروں پر قبضے جمانا شروع کر د ئیے ہیں۔ سیالکوٹ روڈ پر نظام آباد سٹاپ کے قریب صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے جہاں سڑک کے دونوں اطراف اور بعض مقامات پر درمیان تک غیر قانونی ریڑھیاں کھڑی ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہتی ہے اور حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی عدم توجہی اور مبینہ سرپرستی کے باعث تجاوزات کا مسئلہ دوبارہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے ،ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ریڑھی بازاروں کو فعال بنایا جائے ، سڑکوں پر قائم تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے ۔