اپنا کھیت اپنا روزگار، مسترد درخواستوں پر دوبارہ سماعت مکمل

اپنا کھیت اپنا روزگار، مسترد درخواستوں پر دوبارہ سماعت مکمل

اے ڈی سی آر کاریکارڈ، دستاویزات ، زرعی زمین کی دستیابی کا تفصیل سے معائنہ

وہاڑی(خبر نگار،نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ پروگرام کے تحت مسترد شدہ 120 درخواستوں پر دوبارہ سماعت مکمل کر لی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو صبا سحر نے اپنے دفتر میں تمام درخواست گزاروں کی فرداً فرداً سماعت کی اور ان کی اہلیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران ہر درخواست کے ساتھ منسلک ریکارڈ، دستاویزات اور زرعی زمین کی دستیابی کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پروگرام کا مقصد بے روزگار دیہی کاشتکاروں کو معاشی طور پر مستحکم بنانا ہے ۔ منصوبے کے تحت اہل افراد کو پانچ ایکڑ تک زرعی اراضی دس سال کے لیے لیز پر دی جائے گی، جسے صرف زرعی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر لیز منسوخ کی جا سکے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو صبا سحر نے کہا کہ تمام درخواستوں پر فیصلے میرٹ اور حکومتی قواعد و ضوابط کے مطابق محفوظ کر لیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سکروٹنی کا عمل مکمل شفافیت سے جاری ہے تاکہ اصل مستحق افراد کو اس اہم منصوبے سے فائدہ پہنچایا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور نوجوان کاشتکاروں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں