ٹوبہ میں بچوں کیلئے ضلع کا پہلا چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک قائم
مقصد بچوں کو ابتدائی عمر سے ہی ٹریفک قوانین، سڑکوں پر محفوظ سفر سے آگاہ کرنا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی زیرِ نگرانی ٹوبہ میں بچوں کے لیے ضلع کا پہلا چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک قائم کر دیا گیا۔ منصوبے کا مقصد بچوں کو ابتدائی عمر سے ہی ٹریفک قوانین، سڑکوں پر محفوظ سفر اور حفاظتی اصولوں سے عملی طور پر آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ذمہ دارشہری بن سکیں۔ پارک میں بچوں کو ٹریفک سگنلز کی پہچان، زیبرا کراسنگ کے درست استعمال، سڑک عبور کرنے کے محفوظ طریقوں اور دیگر ٹریفک قوانین سے عملی تربیت دی جائے گی، جدید انداز میں تیار کیے گئے اس لرننگ پارک میں کھیل ہی کھیل میں بچوں کو ٹریفک کے بنیادی اصول سکھائے جائیں گے تاکہ سیکھنے کا عمل دلچسپ، مؤثر اور دیرپا ثابت ہو۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ بچوں میں ٹریفک قوانین سے آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، اگر کم عمری سے ہی بچوں کو سڑکوں پر محفوظ رویوں اور قانون کی پاسداری کی تربیت دی جائے تو مستقبل میں ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد صرف ترقیاتی منصوبے مکمل کرنا نہیں بلکہ شہریوں خصوصاً نئی نسل میں ذمہ داری اور قانون پسندی کا شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔