موضع اٹاوہ بنیادی سہولتوں سے محروم، شہری پریشان
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ کے جی ٹی روڈ پر واقع موضع اٹاوہ بنیادی سہولتوں سے محروم ہونے کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
مقامی شہریوں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ترقیاتی وژن کے باوجود 15 ہزار آبادی والے اس گاؤں میں نہ سیوریج سسٹم موجود ہے ، نہ پارک بنایا گیا اور نہ ہی اسے ماڈل ویلیج کا درجہ مل سکا۔شہریوں کے مطابق گاؤں میں سیوریج کا پانی گندے جوہڑوں اور ریلوے لائن کے ساتھ کئی کلومیٹر تک کھڑا رہتا ہے ، جس سے نہ صرف درجنوں گھروں کے باہر گندا پانی جمع ہے ۔بلکہ ریلوے ٹریک کے قریب پانی کھڑا ہونے سے کسی بڑے حادثے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا تاہم کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ گندے پانی کے باعث بچے ، خواتین اور بزرگ شدید اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ مویشیوں کی حویلیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔اہل علاقہ نے مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ موضع اٹاوہ کی صورتحال کا نوٹس لے کر فوری طور پر سیوریج نظام اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔