سرکاری ہسپتالوں کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی‘ نوید احمد

سرکاری ہسپتالوں کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی‘ نوید احمد

طبی اداروں میں مریضوں کی بروقت اور معیاری دیکھ بھال کی جارہی

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال (سول ہسپتال) کا ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج کے معیار کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ٹراما سنٹر، ایمرجنسی وارڈ، ڈینگی وارڈ، او پی ڈی، فارمیسی، لیبارٹریز اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے طبی سہولیات، عملے کے رویے اور ادویات کی فراہمی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔نوید احمد نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی بروقت اور معیاری دیکھ بھال ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے صفائی ستھرائی بہتر بنانے ، ادویات کے وافر ذخائر برقرار رکھنے ، طبی آلات فعال رکھنے اور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی مکمل حاضری یقینی بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ معیاری اور شفاف طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، ترقیاتی منصوبوں اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ روڈ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے روڈ کے دونوں اطراف صفائی ستھرائی، سنٹر میڈین اور گرین بیلٹس کی حالت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے جبکہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے ) کے افسروں کو گرین بیلٹس میں موجود پودوں اور گھاس کی باقاعدہ آبپاشی اور مؤثر دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں