پٹرول پمپ پرمیجک بٹن کے ذریعے لوٹ مار کا پردہ چاک

پٹرول پمپ پرمیجک بٹن کے ذریعے لوٹ مار کا پردہ چاک

اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی عوامی شکایات پر پٹرول مافیا کے خلاف کارروائی

احمد نگر چٹھہ(نمائندہ دنیا )پٹرول پمپ پر جدید \'میجک بٹن\' کے ذریعے لوٹ مار کا پردہ چاک، اسسٹنٹ کمشنر کی بڑی کارروائی۔ اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ نے عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پٹرول مافیا کے خلاف کامیاب کارروائی کی ۔ اطلاعات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نے کوٹلی سائیاں میں واقع \'ساہی پٹرولیم\' پر اچانک چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ پٹرول پمپ انتظامیہ انتہائی چالاکی سے ایک جدید ترین \'میجک بٹن\' کا استعمال کر رہی تھی جس کے ذریعے شہریوں کو پٹرول کی پیمائش میں ہیر پھیر کرکے لوٹا جا رہا تھا۔ اس جدید تکنیک کے بے نقاب ہونے پر پمپ پر موجود عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے پمپ مالکان جو راتوں رات امیر ہونے کے چکر میں عوام کی جیبوں پر دن دہاڑے ڈاکا ڈالتے ہیں، ان کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں ہونی چاہیے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف ایسے پمپوں کو بھاری جرمانے کیے جائیں بلکہ ان کے پٹرول پمپ مستقل طور پر سیل کر د ئیے جائیں تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کر سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں