نوشہرہ ورکاں:تحصیل ہسپتال میں ڈاکٹر ز‘ ادویات کی قلت
اہم شعبوں میں ڈاکٹروں کی اسامیاں خالی‘6لاکھ آبادی طبی سہولیات سے محروم
نوشہرہ ورکاں(تحصیل رپورٹر )ٹی ایچ کیو ہسپتا ل میں ڈاکٹروں، ادویات کی شدید قلت، 6 لاکھ سے زائد آبادی طبی سہولیات سے محروم ہو نے لگی ۔بتایا گیا ہے کہ تحصیل نوشہرہ ورکاں کے واحد تحصیل ہسپتال میں ماہر ڈاکٹروں، میڈیکل افسر وں اور ضروری ادویات کی شدید قلت نے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، اہم شعبوں میں ڈاکٹرز کی آسامیاں خالی ہونے کے باعث متعدد مریضوں کو علاج کیلئے گوجرانوالہ ریفر کیا جانے لگا،ٹی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ ورکاں میں فزیشن، کارڈیالوجسٹ، آرتھوپیڈک سرجن اور چیسٹ سپیشلسٹ سمیت کئی اہم شعبوں میں ڈاکٹرز کی آسامیاں تاحال خالی ہیں جبکہ میڈیکل افسروں کی تعداد بھی ضرورت سے کم ہے۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل افسر وں کی کمی کے باعث بعض اوقات ان کی نشستوں پر ڈسپنسرز فرائض انجام دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
جس سے ہسپتال میں طبی عملے کی کمی کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔دوسری جانب انسولین سمیت متعدد بنیادی اور ضروری ادویات کی عدم دستیابی بھی مریضوں کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ بڑی تعداد میں مریض علاج کی غرض سے ہسپتال کا رخ کرتے ہیں مگر متعلقہ ماہر ڈاکٹر دستیاب نہ ہونے کے باعث متعدد مریضوں کو گوجرانوالہ ریفر کر دیا جاتا ہے ۔شہریوں نے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ماہر ڈاکٹروں اور میڈیکل افسر وں کی خالی آسامیاں فوری پُر کی جائیں اور انسولین سمیت تمام ضروری ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments