انسانی سمگلنگ،کروڑوں روپے کا فراڈ ،16افراد گرفتار
گوجرانوالہ 11 ، گجرات 4 ، سیالکوٹ سے ایک ملزم پکڑا گیا ،اشتہار ی بھی شامل سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں:ایف آئی اے حکام
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن اور بیرونِ ملک ملازمت کے نام پر فراڈ میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 16 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں مطلوب اشتہاری ملزم بھی شامل ہیں۔ ملزموں پر شہریوں کو کینیڈا، اٹلی، سپین، برطانیہ، بیلجیئم، یونان، جرمنی، ترکیہ، عراق، قطر اور بحرین سمیت دیگر ممالک بھجوانے اور جھوٹے دلاسے دے کر کروڑوں روپے بٹورنے کے الزامات ہیں۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل نے 11، گجرات سرکل نے 4 جبکہ سیالکوٹ سرکل نے ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ملزموں کے خلاف درج مقدمات میں شہریوں سے مجموعی طور پر 2 کروڑ 89 لاکھ 65 ہزار روپے سے زائد رقم بٹورنے کے الزامات ہیں۔
اس کے علاوہ 50 ہزار امریکی ڈالر اور 25 ہزار قطری ریال وصول کرنے کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ایک کارروائی میں لیبیا سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے شخص کو بھی گرفتار کیا گیا جس کی نشان دہی پر ایجنٹوں کے نیٹ ورک کے حوالے سے اہم انکشافات ہوئے ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں شفاعت عباس، محمد سلیمان، حاجی اعجاز، شعیب سرور، محمد حسیب، واجد علی، محمد اشفاق، نثار احمد عرف شیری، امیر عزیز، امیر سہیل، محمد اشتیاق، محمد افضل، اویس علی، محمد اسلم اور محمد احسن شامل ہیں۔ایف آئی اے حکام کے مطابق انسانی سمگلنگ میں ملوث سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments