سمبڑیال :جشنِ عید میلادالنبی ؐ تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں
مختلف مقامات پر آرائشی سامان کے خصوصی سٹالز قائم ،محافل کا انعقاد
سمبڑیال (سٹی رپورٹر )بارہ ربیع الاول جشنِ عید میلادالنبی ؐ کے بابرکت موقع کی آمد کے ساتھ ہی سمبڑیال شہر اور گردونواح میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ، شہر کے مختلف علاقوں، بازاروں، گلی محلوں اور اہم شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں، بینرز اور دیگر آرائشی سامان سے سجایا جا رہا ہے جبکہ مساجد، مدارس، میلاد کمیٹیوں اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے محافلِ میلاد، نعتیہ پروگراموں اور درود و سلام کی محافل کے انعقاد کے انتظامات بھی مکمل کئے جا رہے ہیں ،مختلف مقامات پر خصوصی سٹالز قائم کئے گئے ہیں جہاں سبز جھنڈیوں، بیجز، بینرز ، عید میلادالنبی ؐکے حوالے سے مختلف آرائشی اشیا اور دیگر سامان کی فروخت جاری ہے۔
دوسری جانب مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے محافلِ میلادالنبی ؐ، نعتیہ پروگراموں، درود و سلام اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔علما کرام، مشائخ عظام، اور مقررین سیرتِ طیبہ ؐ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے ۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جشنِ عید میلادالنبی ؐ کے جلوسوں اور محافل کے دوران صفائی ستھرائی، ٹریفک کی روانی، بجلی کی فراہمی اور سکیورٹی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments