پٹرولیم لیوی ،آئی پی پیز کی لوٹ مار قبول نہیں :مدثر طارق
کرپٹ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ سے معیشت برباد
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )جماعت اسلامی کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے قوم حافظ نعیم الرحمن کی کال پر اسلام آباد پہنچے گی۔ گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کے جلسہ میں کارکنوں سمیت عام شہریوں کی بھرپور شرکت اس امر کا واضح اظہار ہے کہ عوام لیوی ٹیکس اور آئی پی پیز کے ذریعے مبینہ لوٹ مار کو مزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ضلعی ناظمہ مدثر طارق نے اسلامک سینٹر وزیرآباد میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر فرح امتیاز ،مزمل طاہر،فرح عرفان،مدیحہ عمران ،طیبہ عمران اور میمونہ مبشر و دیگر بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد ناجائز لیوی عوام پر اضافی بوجھ ہے جسے جماعت اسلامی نے بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے ،عوام کو ریلیف دینے کیلئے اس بوجھ کا خاتمہ ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں اور دیگر معاشی پالیسیوں کے باعث عوام پہلے ہی مہنگائی اور مہنگی بجلی کے شدید مسائل سے دوچار ہیں۔مدثر طارق نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور لاقانونیت کی بنیادی وجوہات میں معاشی ابتری بھی شامل ہے ، کرپٹ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ نے ملکی معیشت کو سنگین مشکلات سے دوچار کر دیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments