900جعلی رجسٹریوں کا معاملہ ، ملوث وثیقہ نویس روپوش
متاثرہ شہریوں نے وثیقہ نویسوں کے دفاتر اور گھروں کے گھیراؤ کا اعلان کر دیا لدھیوالہ پٹوار سرکل کی2014سے تمام رجسٹریاں چیک کی جائیں :متاثرین
لدھیوالہ وڑائچ ، عالم چوک (نامہ نگار ،نمائندہ خصوصی )لدھیوالہ وڑائچ پٹوار سرکل میں مبینہ طور پر 2 سال کے دوران 900کے قریب جعلی رجسٹریوں کے ذریعے سرکاری خزانے کو تقریباً 12 کروڑ روپے نقصان کے با رے میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کی پریس کانفرنس کے بعد معاملے میں نامزد وثیقہ نویس مبینہ طور پر روپوش ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ شہریوں نے وثیقہ نویسوں کے دفاتر اور گھروں کے گھیراؤ کا اعلان کر دیا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کی جانب سے پریس کانفرنس میں معاملے کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد مبینہ طور پر ملوث وثیقہ نویسوں کے دفاتر بند اور وہ گھروں سے غائب ہو گئے جس کے باعث متاثرین میں تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔متاثرین نے الزام عائد کیا کہ اپنی ملکیتی جائیدادوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کئی افراد اپنی عمر بھر کی جمع پونجی داؤ پر لگنے کے باعث پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کے ساتھ ساتھ 2014سے 2026تک 12سال میں ہونے والی تمام رجسٹریوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ کتنی رجسٹریاں قانونی تقاضوں کے مطابق ہوئیں اور کتنی میں مبینہ جعلسازی یا سرکاری فیسوں میں خوردبرد کی گئی۔متاثرین نے پولیس اور اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ طور پر روپوش وثیقہ نویسوں کو جلد گرفتار کیا جائے ، لوٹی گئی رقم سرکاری خزانے اور متاثرین سے متعلق حق داروں کو واپس دلائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments