گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں کے گرد 5 پارکنگ پلازوں کی تعمیر
مارچ 2027ء تک مکمل کرنے کا ہدف ،تاجروں سے رابطہ رکھنے کا فیصلہ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں کے گردونواح میں پارکنگ کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے ایک ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے 5مقامات پر پارکنگ پلازوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ، جنہیں مارچ 2027ء تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ پارکنگ پلازوں میں 7ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی۔یہ بات کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے آٹھ بازاروں کے تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ راجباہ روڈ، بیرون کارخانہ بازار، امین پور بازار، کچہری بازار اور مرکزی امام بارگاہ روڈ ڈگلس پورہ پر سائٹ اے اور سائٹ بی میں پارکنگ پلازے تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
کمشنر نے کہا کہ تاجروں اور دکانداروں کو سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی فیصل آباد انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ پارکنگ پلازوں کی تعمیراتی پیشرفت کا ہر ہفتے باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور تعمیراتی عمل شفاف انداز میں مقررہ مدت سے قبل مکمل کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور ان کی مثبت تجاویز کا ہمیشہ خیرمقدم کیا جائے گا۔ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی رنگزیب گورایہ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان احمد، میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر محمد زبیر، دیگر افسران اور تاجروں نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments