بڑے صنعتی یونٹس پر کروڑوں روپے کا اضافی فکسڈ سیلز ٹیکس عائد
مالکان نے عدالت سے رجوع کر لیا ،بلوں کی تاریخ میں توسیع نہ ہونے پر کنکشن منقطع
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گیپکو نے بڑے صنعتی یونٹس پر کروڑوں روپے کا اضافی فکسڈ سیلز ٹیکس عائد کردیا،صنعتی یونٹس نے عدالت سے رجوع کرلیا جبکہ گیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسرنے بجلی بلوں کی معمول کے مطابق تاریخ توسیع انتہائی مشکل بنادی۔ گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں گیپکو کے بڑے 60 سے زائد صنعتی ادارے ہیں ان صنعتی اداروں کے مالکان کو رواں ماہ بجلی کے بلوں میں کروڑوں روپے اضافی بلز ڈال د ئیے جن فرنسز کا معمول کے مطابق ماہانہ بجلی بل 4 کروڑ سے 10 کروڑ تک ہوتا تھا فکسڈ سیلز ٹیکس عائد کرکے انہیں اچانک ماہانہ بل 12 سے 25 کروڑ روپے تک ارسال کر د ئیے جس سے صنعتکاروں میں تشویش پائی جانے لگی جبکہ گیپکو سربراہ نے بلوں کی تاریخ میں توسیع روک کر بعض فرنسز کے کنکشنز بھی کاٹ د ئیے جنہیں بعد میں سفارشوں کی بنا پر بحال کیا گیاتاہم صنعتکاروں نے بجلی بلوں میں عائد فکسڈ سیلز ٹیکس کیخلاف حکم امتناعی حاصل کرنے کیلئے عدالت سے رجوع کیا تو گیپکو حکام نے بھی فرنسز مالکان کے متعلق رویہ سخت کرلیا۔ بیشتر فرنسز مالکان کے بجلی کے کنکشنز رات گئے اچانک کٹوا د ئیے جاتے ہیں ، فرنسز مالکان گزشتہ ایک ہفتے سے گیپکو ہیڈ کوارٹر زکے چکر کاٹ رہے اور سارا دن بجلی بلوں کی تاریخ میں توسیع کر انے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے پر مجبور ہیں تاہم گیپکو حکام من پسند فرنسز مالکان اور سفارشوں کی بنیاد پر تاریخ میں توسیع دینے لگے ۔ فرنسز ایسوسی ایشن نے بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا کہ کاروباری حالات پہلے ہی شدید متاثر ہیں گیپکو حکام کا اچانک سخت پالیسی اور انداز اختیار کرنا نہ صرف ملکی معیشت کو نقصان پہنچا سکتا ہے بلکہ گیپکو کے اربوں روپے کی بلوں کی وصولی بھی رک سکتی ہے ۔گیپکو افسروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے فکسڈ سیلز ٹیکس عائد کیا گیا گیپکو اس پر عمل درآمد کروارہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments