پلاٹوں میں کوڑا جمع ، ذمہ داروں کیخلاف کارروا ئی کا حکم
ڈپٹی کمشنر کا مختلف علاقوں کا پیدل دورہ ،ڈورٹو ڈور ویسٹ کلیکشن ، صفائی آپریشن کا معائنہ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)صفائی کی ناقص صورتحال پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد کا سخت اظہار برہمی، متعدد علاقوں کا پیدل دورہ، پلاٹوں میں جمع کوڑے کے ڈھیر فوری کلیئر کرنے ، رپورٹ پیش کرنے اور غفلت کے ذمہ دار وں کیخلاف کارروائی کے احکامات دئیے ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے سیالکوٹ بائی پاس، بیکن ہاؤس کے قریب واقع گلیوں سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال پر شہریوں سے براہ راست فیڈ بیک حاصل کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سیالکوٹ روڈ، فتو منڈ چوک اور جناح روڈ سے ملحقہ گلیوں اور بازاروں کا بھی دورہ کیا اور ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن سمیت صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی، صفائی کے تسلسل اور فیلڈ عملے کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے ۔
اس موقع پر شہریوں سے صفائی اور نکاسی آب کے مسائل بھی دریافت کئے ۔انہوں نے رہائشی علاقوں میں قائم بھینسوں کے باڑوں کے خلاف کارروائی کیلئے ایس ڈی ای او پیرا فورس کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادیوں میں صفائی اور ماحول کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں کی روک تھام یقینی بنائی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے فتو منڈ بازار اور جناح روڈ کا دورہ کرتے ہوئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے بعد سڑک کی بحالی کے کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے واسا حکام کو تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے اور سڑک سے تعمیراتی ملبہ فوری ہٹانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments