اسلام آباد، دھواں چھوڑنے والی 9گاڑیاں تھانے بند
ایک ہفتہ میں 3201گاڑیوں کی انسپکشن، 24گھنٹے میں 486سٹیکرز جاری
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم کے تحت انسپکشنز اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کی 8روزہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 3201گاڑیوں کی جامد و حرکت پذیر انسپکشن کی گئی، جس کے نتیجے میں شہر بھر میں ایمیشن سٹیکرز جاری کیے گئے۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں 486گاڑیوں کو ایمیشن سٹیکرز جاری کیے گئے ہیں۔ یہ سٹیکرز عوامی سطح پر آگاہی میں اضافے اور شہر کی فضا کو صاف رکھنے کی جانب اہم قدم ہیں۔ کچھ کارروائیوں میں 9دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو تھانے منتقل کیا گیا، ٹیمیں شہر بھر میں انسپکشن کا عمل تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی قیادت ڈی سی عرفان میمن کر رہے ہیں۔