وزیر مملکت سے امریکی وفد کی ملاقات ،مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

وزیر مملکت سے امریکی وفد کی ملاقات ،مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

پاکستان امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وجیہہ قمر

اسلام آباد (اے پی پی) وزیرِ مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے امریکا کے اعلی سطح کے وفد سے ملاقات کی ،تعلیم، فنی تربیت اور معدنیات و کان کنی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات اسلام آباد میں نئے یو ایس ایجوکیشنل فانڈیشن ان پاکستان کی عمارت کے افتتاح کے بعد وزارت میں ہوئی، دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ یہ نئی عمارت تعلیمی رہنمائی، تعلیمی تبادلوں اور پاکستان و امریکا کے مابین تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دے گی۔ تعلیمی تعاون، اساتذہ کی پیشہ وارانہ ترقی ،یو ایس ایجوکیشنل فانڈیشن کے ذریعے طلبہ و اساتذہ تک رسائی میں اضافہ اور فنی و پیشہ وارانہ تعلیم (ٹیوٹ) میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینے پر گفتگو ہوئی۔ وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ پاکستان اپنے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے ۔ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تعلیم، فنی تربیت اور ابھرتے ہوئے معاشی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں