اسلام آباد ،دھواں چھوڑنے والی 12گاڑیاں تھانے بند
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم کے تحت شہر بھر میں انسپکشن اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون تیز کر دیا ہے۔
15روزہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 6ہزار 254گاڑیوں کی ایمیشن انسپکشن کی گئی اور معیار پر پورا اترنے والی گاڑیوں کو ایمیشن سٹیکرز جاری کیے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 486گاڑیوں کو ایمیشن سٹیکرز فراہم کیے گئے ، مختلف کارروائیوں کے دوران 12ایسی گاڑیوں کو جو مقررہ حد سے زیادہ دھواں چھوڑ رہی تھیں تھانے منتقل کر دیا گیا۔ اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیف ٹریفک آفیسر عرفان میمن کا کہنا ہے کہ ٹیمز کی جانب سے شہر بھر میں انسپکشن کا عمل تیزی سے جاری ہے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔