لین کی خلاف ورزی،بھکاریوں کیخلاف ٹاسک فورسز تشکیل
موٹرسائیکل سواروں کی لین وائلیشن کو کنٹرول کرنے کیلئے 8مقامات پر پکٹس قائمبغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور عوامی نظم و ضبط قائم رکھنے کیلئے اسلام آباد پولیس نے موٹرسائیکل سواروں کی لین وائلیشن کو کنٹرول کرنے کیلئے آٹھ مختلف مقامات پر پکٹس قائم کر دی ہیں جبکہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے تمام زونل ایس ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ لین کی خلاف ورزی کرنے والے اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہر میں مربوط ٹریفک نظام کی بحالی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ٹریفک روانی میں رکاوٹ بننے والے ڈرائیورز کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کر کے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ، پیشہ ور بھکاریوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کو بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے خصوصی ٹاسک فورسز تشکیل دے دی گئی ہیں جو ان کے خلاف سخت قانونی اقدامات عمل میں لائیں گی۔